بند کمرے میں سماعت‘ ہائیکورٹ نے صدر ملتان بار کیخلاف توہین کیس 3نومبر تک ملتوی کر دیا

09 ستمبر 2017

لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر منصور علی شاہ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے ملتان بنچ میں ججز سے بدتمیزی کے واقعہ پر ملتان ہائی کورٹ بار کے صدر شیر زمان قریشی کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت 3 نومبر تک ملتوی کر دی۔ پانچ رکنی لارجر بنچ نے بند کمرے میں سماعت کی۔ عدالتی سماعت کے موقع پر وکلاء اور صحافیوں کے داخلے پر پابندی برقرار رکھی گئی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمن خان، صدر لاہور ہائیکورٹ بار ذوالفقار چوہدری عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے لارجر بنچ کو آگاہ کیا کہ سپریم کورٹ نے ملتان بنچ میں پیش آنے والے واقع. سے متعلق رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ سے رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔ شیر زمان قریشی کی گرفتاری کے حکم کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں زیر التواء ہے اور عدالت عظمیٰ نے آپ سے امید رکھی ہے کہ اس کیس پر کاروائی جاری نہیں رکھی جائے گی۔ اس موقع پر ہائیکورٹ کی سکیورٹی بڑھا دی گئی تھی۔