نئی ترقیاتی اسکیمزپر وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات کو مبارک باد

09 ستمبر 2017

کراچی (کامرس رپورٹر ) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سر پرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر مسعود نقی، کائیٹ ڈی ایم سی کے چیئرمین اور سی ای او زبیر چھایا، کاٹی کے سینئر نائب صدر غضنفر علی خان، نائب صدر عمر ریحان اور مجلس عاملہ کے اراکین نے کراچی پیکج کے تحت 8ارب40لاکھ روپے کی لاگت سے سڑکوں ، پلوں اور نالوں کی تعمیر، نکاسی آب و پانی کی فراہمی سمیت دیگر نئی اسکیمز کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ کراچی کے لئے ترقیاتی منصوبوں کے اجراءسے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اوروزیر بلدیات جام خان شورو کے اقدامات لائق تحسین ہیں ، چونکہ کراچی جو کہ بین القوامی شہر کی حیثیت رکھتا ہے ملک کی تعمیر و ترقی میں اس شہر کا نمایا ں حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر مزید تیزی لاتے ہوئے انہیں جلد مکمل کئے جائیںجبکہ شہر میں پانی کی طلب و رسد ایک بڑا اور اہم مسئلہ ہے جس کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے صنعتی علاقوں کی تعمیر و ترقی کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ کی ذاتی توجہ کے باعث خصوصی گرانٹ کے زریعے حکومت کی جانب سے بہت سے ترقیاتی منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی ہے لیکن تاحال فنڈز کا اجراءنہیں کیا گیا، لہذا اپیل کرتے ہیں کہ صنعتی ذون کی تعمیر و ترقی کے لئے فنڈز کا فی الفور اجراءکیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں جاری بہت سے ترقیاتی کام ریکارڈ مدت میں مکمل کئے جانے پر اس کا کریڈٹ سندھ حکومت کو جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے بھی پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے مزید فنڈز مختص کیے جائیں تاکہ اس شہر کی منفرد پہچان ہو۔