لاہور چیمبر آف کامرس اور یو ای ٹی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کی رو سے دونوں ادارے معاشی ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط اور یو ای ٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر امجد علی جاوا ، نائب صدر محمد ناصر حمید خان اور کنوینر سٹینڈنگ کمیٹی عمر سلیم نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہا کہ لاہور چیمبر اس سے قبل بھی تعلیمی اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرچکا ہے جس کا مقصد صنعتی شعبے اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط بڑھانا ہے تاکہ وہ ایک دوسرے کی ضروریات سے آگاہ ہوسکیں، اس سے صنعتوں کی ضرورت کے مطابق ہنرمند افرادی قوت پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ صنعتوں اور تعلیمی شعبے کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کے لیے ورکشاپس، کانفرنس اور سیمینار منعقد کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے۔
، اس کے باوجود یہ معاشی ترقی کی دوڑ میں کافی پیچھے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ آنے کے لیے بہت سے غیرمعمولی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے لہذا حکومت اور نجی شعبہ کو مل کر اس کے لیے کام کرنا چاہئے۔