بزدل حکمران امت کیلئے بولنے کی جرأت نہیں رکھتے: طاہرالقادری
ملتان/ لاہور (خصوصی نامہ نگار) ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ بزدل ،کاسہ لیس حکمران امت مسلمہ کیلئے بولنے کی جرأت نہیں رکھتے۔ وزیر خارجہ نے دورہ چین کے موقع پر برما کے اہم فریق سے اہم انسانی المیہ پر کوئی بات نہ کر کے بے حسی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان ہزاروں مسلمان بھائیوں کے قتل عام اور جبری ہجرت بے دخلی خود کو لاتعلق نہیں رکھ سکتا ہے ؟۔ایک قرارداد پاس کر کے حکومت اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی۔ ہم برمی مسلمانوں کے ساتھ ہونیوالے انسانیت سوز مظالم کی تکلیف کو اپنے جسم میں محسوس کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ برما میں ریاستی جبر و تشدد اور قتل و غارت گری پر کب تک خاموش رہے گی؟ وہ عہدیداروں،کارکنوں کے مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ برمی مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنا امت مسلمہ کے ہر شہری پر واجب ہے اور اسلامی حکومتیں برما کے اندر محصور مسلمانوں کی مدد نہیں کر سکتیں تو ہجرت کر کے آنے والے ہزاروں روہنگیا مسلمانوں کی بحالی کیلئے وسائل مختص کریں، ترک حکومت نے مہاجرین کے کیمپوں میں خوراک کی فراہمی یقینی بنا کر قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔