ملتان میٹرو بس میں مبینہ کرپشن‘ جوڈیشل ایکٹوازم کے سربراہ نے وزیراعلیٰ‘ گورنر پنجاب سمیت تحقیقاتی اداروں سے تفصیلات مانگ لیں
ملتان/ لاہور (وقائع نگار خصوصی) میٹرو بس ملتان منصوبے کی تفصیلات، تحقیقات اور مبینہ کرپشن سے متعلق مراسلہ وزیراعلیٰ پنجاب کو لکھ دیا گیا۔ جوڈیشل ایکٹو ازم پینل کے سربراہ محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے مراسلہ وزیراعلیٰ پنجاب، گورنر پنجاب، آڈیٹر جنرل، چیئرمین نیب، ڈی جی ایف آئی اے، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور پبلک اکائونٹس کمیٹی کو بھجوا دیا گیا مراسلے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ محکمے میٹرو بس ملتان منصوبے سے متعلق تمام تر تفصیلات سے آگاہ کریں۔ ایس ای سی پی اور چائنیز کمپنی کے مابین تحقیقات اور باہمی اشتراک سے متعلق بھی تمام تر دستاویزات فراہم کی جائیں۔ مراسلے میں چائنیز سکیورٹیز ریگولیٹری کمیشن اور حکومت کے مابین ہونے والے تمام تر معاہدے منظرعام پر لانے کی درخواست کی گئی ہے۔ مراسلے میں چائنیز تحقیقاتی رپورٹ بھی منظر عام پر لانے کی گزارش کی گئی ہے۔ مراسلے میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ کیا نیب، میٹرو بس ملتان منصوبے پر تحقیقات کررہا ہے؟ مراسلہ میں قانونی نکتہ اٹھایا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل انیس اے کے تحت تمام محکمے تفصیلات فراہم کرنے کے پابند ہیں۔