روٹھے جیالے ہماری جان‘ پیپلز پارٹی کا ووٹ بنک آج بھی محفوظ ہے: قمر زمان کائرہ

09 ستمبر 2017

لاہور (خبرنگار) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی واپس آرہی ہے، ہر عہدیدار اور جیالا فیصل میر بن کر این اے 120میں انتخابی مہم چلائے۔ روٹھے جیالے ہماری جان ہیں، پیپلز پارٹی کا ووٹ بینک آج بھی محفوظ ہے۔ یہ باتیں انہوں نے حلقہ 120 میں ریگل چوک مال روڈ الیکشن آفس میں انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات چودھری منظور احمد ، الطاف قریشی، چوہدری اسلم گل، عثمان ملک ،عاصم بھٹی، زوہیب بٹ، مصطفی نواز کھوکھر اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ 120 میں ہر گھر جائیں گے۔ آج لاہور میں شاندار مشعل بردار جلوس نکالیں گے۔ این اے 120میں ہمارا بہت بڑا ووٹ بنک ہے، صرف ان تک پہنچنے کی ضرورت ہے۔