جہلم: 4 ماہ قبل فوت ہونیوالے جوڑے کو غیرت کے نام پر قتل کئے جانے کا انکشاف
جہلم (نامہ نگار) چار ماہ پہلے کار سے مردہ حالت میں ملنے والے مرد اور عورت کو زہر دیکر قتل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ بیوی نے بہنوئی اور خاوند کے تین مخالفین سے ملکر غیرت کے نام پر خاوند اور اپنی دوست کو زہر دے کر قتل کیا۔ مقتول کے ہم زلف عاصم نے خود کو بچانے کیلئے اپنی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ 21 اپریل کو عثمان اور اسکی بیوی کی دوست فرزانہ کی نعشیں عاصم کے گیراج میں کھڑی عثمان کی کار سے برآمد ہوئی تھیں۔ پولیس نے نعشوں کو پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا تھا اور مرنے کی وجہ جاننے کیلئے جسموں کے نمونے لیکر فرانزک لیب میں بھیجے تھے۔ گذشتہ روز ملنے والی فرانزک رپورٹ کے مطابق دونوں کو زہر دیکر قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے مقتول عثمان کی بیوی فوزیہ اور اسکے بہنوئی عاصم کو تفتیش کے بعد گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق دونوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا تھا۔ مقتول عثمان کی والدہ کی درخواست پر فوزیہ سمیت پانچ افراد کے خلاف نیا مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ تین ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔