کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کا 3 رکنی فل بنچ 11 ستمبر کو سماعت کرے گا

09 ستمبر 2017
کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کا 3 رکنی فل بنچ 11 ستمبر کو سماعت کرے گا

لاہور (وقائع نگار خصوصی) بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف کیس تین رکنی فل بنچ کے روبرو سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ 11 ستمبر کو کیس کی سماعت کریگا۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کی جانب سے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف سماعت کیلئے تشکیل دیا گیا بنچ 11 ستمبر کو کیس کی سماعت کریگا۔ نو تشکیل شدہ بنچ مسٹرجسٹس امین الدین خان کی سر براہی میں جسٹس شاہد جمیل اور جسٹس عبادالرحمن لودھی پر مشتمل ہے۔ جسٹس شمس محمود مرزا اور جسٹس فرخ عرفان کی جانب سے کیس کی سماعت سے معذرت کے باعث تین رکنی بنچ دو بار تحلیل ہوچکا ہے۔ این اے 120 میں پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل میر نے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ بیگم کلثوم نواز نے اقامہ اور دیگر اثاثوں سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ ریٹرنگ آفیسر نے حقائق کے برعکس کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کیے۔ ریٹرننگ آفیسر کے احکامات کالعدم قرار دے۔