سی پیک کے ثمرات سے فائدہ اٹھانے کےلئے شعور بیدار کیا جائے‘ الطاف شکور

09 ستمبر 2017

کراچی (نیوز رپورٹر) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ خواندگی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ وڈیرہ شاہی ہے اوراس سے چھٹکارہ حاصل کئے بغیر خوشحال ،پڑھے لکھے اور پرامن پاکستان کا خواب ہمیشہ ادھورا رہے گا ۔ عوام کے بچوں ،حکمرانوں ، بیوروکریٹس اور امیروں کے بچوں کےلئے ایک جیسی تعلیمی سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ سندھ میں 99فیصد کرپشن نے تعلیم کے شعبے کا بیڑہ غرق کردیا ہے ۔ نوجوان ہماری سب سے بڑی دولت ہیں ۔انہیں نشہ ، جرائم ، دہشت گردی اور غیرملکی ایجنٹوں سے بچاناپوری قوم کا اجتماعی فریضہ ہے ۔ وہ پاسبان پبلک سیکریٹریٹمیں 8ستمبر عالمی یوم خواندگی اور ہماری ذمہ داریوں کے عنوان سے پاسبان ورکرز کی نشست اور پاسبان صوبہ سندھ کے سینئر عہدیداران کے اجلاس منعقدہ آدمجی نگر میں خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر الطاف شکور نے مزید کہا کہ شریف اور زرداری خاندانوں کی مورثی سیاست نے ملک کو کرپشن کے علاوہ کچھ نہیں دیا ۔ لوٹ مار ،چور بازاری ،جرائم اور کرپشن کی سیاست کی سرپرستی وڈیرہ شاہی نے آج بھی جاری رکھی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں خواندہ عوام بھی ناخواندہ بن گئے ہیں ۔ سی پیک کے ثمرات سے فائدہ اٹھانے کےلئے ضروری ہے کہ تعلیم اور تعلیم کے ذریعے عوامی شعور کو بیدار کرنے کی پرزور مہم چلائی جائے ۔