صحابہ کرامؓ کا عشق رسول مثالی تھا ،حاجی محمدامین عطاری

09 ستمبر 2017

کراچی (نیوز رپورٹر)دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن ونگران باب المدینہ کراچی مشاورت حاجی محمد امین عطاری نے کہا ہے کہ رسول کریم ﷺ کی محبت ہی دین اسلام کی بنیاد ہے لہٰذا اللہ عزوجل کے محبوب ﷺ سے سچی محبت کریں اور اپنی خواہشات ،گھر بار ،مال واسباب یہاں تک کہ اپنی اولاد سے بھی بڑھ کر اللہ عزوجل اور اسکے رسول ﷺ کی محبت کو اپنے دل میں بسائیں کیونکہ ان کی محبت ہی دنیا وآخرت میں کامیابی وکامرانی کا ذریعہ ہے ۔امتی کو اپنے بنی ﷺ سے کیسا عشق ہونا چاہئے صحابہ کرام نے رہتی دنیا تک کے مسلمانوں کو سیکھا دیا ۔ حضور اکرم ﷺ سے بے پنا ہ عشق کرنے والوں میں خلیفہ سوم امیر المومنین حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شخصیت بھی نمایاں ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد رضا ئے مصطفی ﷺ کورنگی نمبر 4میں منعقد ہفتہ وار اجتماع میں بیان کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام نے اپنی زندگیاں عشق رسول ﷺ سے سرشار ہوکر جس انداز میں گزاریں اپنے آقاﷺ سے محبت کا اظہار کیا وہ اپنی مثال آپ ہے۔ حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ کی حیات طیبہ اللہ عزوجل کے محبوب ﷺ کی محبت اور عشق کی عکاسی کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نبی پاک ﷺ سے سچی محبت کا تقاضہ ہے کہ آپ ﷺ کی سنت پر عمل ہماری اولین ترجیح ہوکیونکہ اللہ عزوجل نے بھی اپنی محبت کا دارومدار رسول کریم ﷺ کی سچی محبت میں رکھا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ افسوس فی زمانہ اگر ہم اپنی حالت پر غور کریں تو ہم نہ صرف سنتوں سے دور ہیں بلکہ مسلمانوں کی اکثریت فرضوں کے معاملے میں کوتاہی کرتی نظر آتی ہے ۔