آرمی چیف نے 4 دہشتگردوں کو سزائے موت کی توثیق کردی
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 4 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے‘ دہشت گرد شہریوں، سکیورٹی اداروں اور مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھے۔ چاروں دہشت گرد 16 افراد کے قتل، 8 افراد کو زخمی کرنے میں ملوث تھے۔ دہشت گردوں میں ریاض، حفیظ الرحمن، سلیم اور کفایت اللہ شامل ہیں۔ چاروں دہشت گردوں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ چاروں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے فوجی عدالتوں کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا جبکہ مزید 23 مجرموں کو مختلف مدت کی قید کی سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد ریاض احمد پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں پر حملوں اور گورنمنٹ مڈل سکول علی گرامہ کو تباہ کرنے میں ملوث ہے۔ دہشت گرد حفیظ الرحمن تین شہریوں کے قتل اور محمد سلیم مسلح افواج پر حملے میں ملوث رہا ہے جس میں 4 فوجی جوان شہید ہوئے تھے جبکہ دہشت گرد کفایت اللہ بھی مسلح افواج پر حملے میں ملوث تھا۔
سزائے موت