این اے 4 پشاور: ضمنی الیکشن 26 اکتوبر کو ہوگا‘ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی: الیکشن کمشن
اسلام آباد (آئی این پی + این این آئی) الیکشن کمشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 پشاور میں ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا۔ ضمنی الیکشن 26 اکتوبر کو ہوگا۔ قومی اسمبلی کی یہ نشست پاکستان تحریک انصاف کے گلزار خان کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔ شیڈول کے مطابق امیدوار 18 سے 20 ستمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں۔ جن کی جانچ پڑتال 21 سے 23 ستمبر کو ہوگی جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 4 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔ الیکشن کمشن نے حلقہ این اے 4 پشاور ضمنی انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمشن آف پاکستان کے مطابق اگر کسی امیدوار نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف آئین کے آرٹیکل 204 کو عوامی نمائندگی کے ایکٹ 1976ء کے سیکشن 103A کے ساتھ مل کر پڑھا جائے‘ کی کارروائی کی جائے گی۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق وفاقی اور صوبائی انتظامیہ مذکورہ حلقہ میں کسی مخصوص امیدوار اور سیاسی جماعت کو فائدہ پہنچانے کیلئے سرکاری وسائل استعمال نہیں کریں گے۔
این اے 4/ شیڈول