ہمارا مقابلہ کسی پارٹی سے نہیں، نظریہ پاکستان کے دشمنوں سے ہے: یعقوب شیخ

09 ستمبر 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120سے امیدوار یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ کسی سیاسی پارٹی نہیں نظریہ پاکستان کے دشمنوں سے ہے۔ ہم نے سیاست کا آغاز کاروبار نہیں عبادت سمجھ کرکیا ہے۔ انرجی سیور روشنی کا نشان ہے‘ ملک میں امن، روزگار اور تجارت کی بہتری کے لیے انرجی سیور پر مہر لگائیں۔ ہم آپ کے ووٹ کی حفاظت اور پاکستان کے مسائل حل کریں گے۔ خدمت انسانیت کا جذبہ لے کر سیاست کے میدان میں اترے ہیں۔ بھارت سے دوستی کے نام پر ووٹ حاصل کرنے کے دعوے کرنے والوں کو عوام مسترد کر چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ منشی لدھا راوی روڈ میں انتخابی جلسہ اور لیک روڈ چوبرجی، لکشمی چوک و دیگر علاقوں میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ باغ منشی لدھا جلسہ گاہ پہنچنے پر ان کا زبردست استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔جلسہ کے میزبان سماجی رہنما شفقت جگنو، آصف شاہ اور دیگر نے بھی یعقوب شیخ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔یعقوب شیخ نے اپنے خطاب میں کہاکہ آج ہمارا مقابلہ ان سے ہے جنہوں نے جیتنے کے بعد کبھی حلقہ میں شکل نہیں دکھائی۔
یعقوب شیخ