مالی سال 2016-17: وفاقی حکومت نے آمدنی سے 69 فیصد زائد اخراجات کئے

09 ستمبر 2017

لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی حکومت نے گزشتہ مالی سال 2016-17 کے دوران اپنی آمدنی سے 69 فیصد زیادہ اخراجات کیے۔ وفاقی وزارت خزانہ کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران وفاقی حکومت کی صوبوں کو ان کا حصہ دینے کے بعد حقیقی آمدنی 25 کھرب 83 ارب 24 کروڑ روپے رہی جبکہ ترقیاتی اخراجات میں 100 ارب روپے سے زیادہ کی کمی کے باوجود مجموعی اخراجات 43 کھرب 61 ارب 78 کروڑ 30 لاکھ روپے رہے۔ گزشتہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی حکومت نے آمدنی کا تخمینہ 27 کھرب 80 ارب روپے لگایا تھا۔ سال کے دوران اخراجات پورے کرنے کے لیے حکومت نے مجموعی طور پر 18 کھرب 48 ارب روپے کے قرضے لیے جس میں سے 5 کھرب 41 ارب 39 کروڑ روپے کا قرض بیرونی ذرائع سے لیا گیا ہے۔ سال کے دوران حکومت کے غیر ترقیاتی اخراجات کا حجم 34 کھرب 94 ارب 32 کروڑ روپے تک پہنچ گیا جو تخمینے سے 94 ارب 12 کروڑ روپے زیادہ ہے جبکہ ترقیاتی اخراجات کا مجموعی حجم 8 کھرب 67 ارب 47 کروڑ روپے رہاجو بجٹ تخمینے سے 127 ارب روپے کم ہے۔
بجٹ اخراجات