خواجہ آصف امریکی پالیسی پر مشاورت کیلئے پیر کوایران جائیں گے

09 ستمبر 2017

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف پیر کے روز ایران روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ ایران کے صدر حسن روحانی اور وزیر خارجہ جواد ظریف کےساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ اس ذریعہ کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کا یہ دورہ، ٹرمپ انتظامیہ کی نئی پالیسی برائے جنوبی ایشیاءو افغانستان پر پاکستان کی مشاورت کے سلسلہ کی کڑی ہے۔ خیال رہے کہ خواجہ آصف اسی سلسلہ میں چین کا دورہ مکمل کر چکے ہیں۔ دورہ ایران کے بعد وہ ترکی اور روس بھی جائیں گے۔ باور کیا جاتا ہے کہ اس دورہ سے استفادہ کرتے ہوئے خواجہ آصف، ایران اور سعودی عرب کے تعلقات پر بھی بات کریں گے۔ واضح رہے کہ حالیہ کشیدگی کے بعد دونوں ملکوں نے باہمی تعلقات میں بہتری کے اشارے دیئے ہیں اور اس سال ایرانی زائرین نے حج کا فریضہ بھی ادا کیا ہے۔