میکسیکو کے جنوبی ساحل پر 8.2 شدت کے زلزلے سے 58 افراد ہلاک اور متعدد زخمی سونامی کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی
میکسکیو (اے ایف پی) میکسیکو کے جنوبی ساحل پر 8.2 شدت کے زلزلے سے 58 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ کئی عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ زلزلے کے بعد میکسیکو میں سونامی کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی۔ جاپان‘ گوئٹے مالا‘ پاناما اور ہنڈراس میں بھی سونامی کا خطرہ ہے۔ خوفزدہ شہریوں نے رات سڑکوں پر گزاری۔ میڈیا کے مطابق بحرالکاہل میں اٹھنے والی لہریں شمالی جاپان میں ہوکائیڈو تک پھیل گئیں۔ زلزلہ میکسیکو کی جنوبی ریاست چیاپاز کے قریب 43 میل کی گہرائی میں آیا۔ ذرائع کے مطابق 1985ءمیں ایسا ہی شدید زلزلہ آیا تھا جس میں بڑی تباہی اور ہزاروں ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ دوسری جانب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ صدر انریق پینانیٹو نے اسے میکسیکو کی تاریخ کا شدید ترین زلزلہ قرار دیدیا۔ میکسیکو کے ساحلی علاقوں کے قریب 4.3 اور 5.7 کی شدت سے درجنوں آفٹرشاکس بھی محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے مرکز سے 1000 کلو میٹر تک کے علاقے میں ایک منٹ تک محسوس کئے جاتے رہے۔ ملک کے صدر نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ پانچ کروڑ افراد نے زلزلہ محسوس کیا اور ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
زلزلہ