تعلیمی اختراحی تحریک پاکستان کی آواز ہے، محمداکرم

09 ستمبر 2017

اسلام آباد(نامہ نگار)قائد اور اقبال کے نظریے کو نئی نسل کا ہتھیار بنا کر پاکستان کو قومی و بین الاقوامی تعلیمی اہداف کے حصول میں کامیاب بنانا ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار ریجنل ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز محمداکرم نے پاکستان ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام قومی مقابلہ پینٹنگ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا راولپنڈی اور اسلام آباد کے تعلیمی اداروں سے جنم لینے والی تعلیمی اختراحی تحریک پاکستان کی آواز ہے ہمیں اپنی نوجوان نسل کی تخلیقی سوچ کو معاشرے میں مثبت تبدیلی کےلئے استعمال کرنا ہوگا۔فاﺅنڈیشن کے بانی چیئرمین ڈاکٹر شوکت علی صدیقی نے کہاکہ اکیسویں صدی میں بھی پاکستان کے کروڑوں بچوں کا تعلیمی اداروں سے باہر ہونا دستورِ پاکستان کے ساتھ مذاق سے کم نہیں ۔ پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک کے مرکزی صدر اور پاکستان ایجوکیشن فاﺅنڈیشن اسلام آباد راولپنڈی کے کنوئنیر ڈاکٹر محمد افضل بابر نے پاکستان میں پہلے قومی مقابلہ پینٹنگ کے شرکا ءسے خطاب کے دوران کہا 25-Aکے نفاذ میں رکاوٹوں کی نشاندہی نسلِ نو نے اپنی پینٹنگز پڑھا لکھا پاکستان میں جس طرح کی ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مادروطن کا مستقبل اپنے مسائل ،وسائل اور ان کے حل سے بخوبی آگاہ ہے ۔