پاکستان میں بھی یوم عالمی خواندگی منایا گیا

09 ستمبر 2017

اسلام آباد(نامہ نگار)دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی خواندگی کا عالمی دن منایا گیا جس کا مقصد معاشرے اور افراد کے لیے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم الف اعلان کے مطابق پاکستان میں اس وقت بھی 10سال اور اس سے زیادہ عمر کی آبادی میں خواندگی کا تناسب 58فی صد ہے۔الف اعلان کے مطابق شہری علاقوں میں شرحِ خواندگی 74فی صد جب کہ دیہی علاقوں میں 49فی صد ہے۔واضح رہے کہ 2007 اور 2008 میں بھی سرکاری طور پر بتائی گئی شرحِ خواندگی 58فیصد ہی تھی۔حالیہ برسوں میں دو مرتبہ یہ شرح 60فیصد تک پہنچی لیکن پھر نیچے آ گئی۔پاکستان میں کسی بھی زبان میں سادہ خط پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت کے حامل افراد کو خواندہ کہتے ہیں۔ماہرینِ تعلیم کہتے ہیں اس تعریف کے مطابق بھی پاکستان میں شرحِ خوانداگی کا 58فیصد ہونا ملک کی معاشی ترقی کے حصول کی راہ میں ایک رکاوٹ ہے۔