ملک میں خواندگی کی شرح میں اضافہ کا تہیہ کر رکھا ہے، انجینئر بلیغ الرحمن

09 ستمبر 2017

اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں خواندگی کی شرح میں اضافہ کا تہیہ کر رکھا ہے، پاکستان کو مفت پرائمری تعلیم اور سب کے لئے یکساں تعلیم کے حوالے سے متعدد چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو خواندگی کے عالمیدن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک میں خواندگی کی شرح میں اضافہ کا تہیہ کر رکھا ہے اور پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 25Aمیں تعلیم کو بنیادی حق قرار دئیے جانے سے ہمارے اس عزم کو تقویت ملی ہے۔ بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان کو مفت پرائمری تعلیم اور سب کے لئے یکساں تعلیم کے حوالے سے متعدد چیلنجز درپیش ہیں جن میں خصوصاً لڑکیوں کی تعلیم میں امتیازی سلوک کا مسئلہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اگرچہ شرح خواندگی میں مجموعی طور پر اضافہ ہوا ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ ناخواندہ افراد کی تعداد بھی بڑھی ہے۔ ہم نے اب بھی تعلیم بالغاں کے پروگراموں کو ادارہ جاتی بنانا ہے۔ہمیں سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے سے محروم رہ جانے والوں کی تعلیم بالغاں کی پروگراموں تک رسائی کو یقینی بنانا ہو گا۔