پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ نے شہری خواتین کیلئے مخصوص پروگرام کا آغاز کر دیا

09 ستمبر 2017

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز)خواتین کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ (پی ایس ڈی ایف) نے حال ہی میں پنجاب کے منتخب اضلاع کے شہری علاقوں میں رہائش پذیر خواتین کے لئے مخصوص پروگرام کا آغاز کیا۔ پروگرام کی سرگرمیوںکا آغاز کرنے کے لئے پی ایس ڈی ایف نے بدھ کو معاہدہ پر دستخط کرنے کی ایک تقریب کا اہتمام کیا تاکہ کوالیفائی کرنے والے 22 ٹریننگ سروسز پروائیڈرز (ٹی ایس پیز) کے ساتھ تعلق کو باقاعدہ بنایا جا سکے۔ اس پروگرام کا عنوان ”“Women Focused Employment Driven Training”“ ہے۔ وزیر برائے صنعت، تجارت و سرمایہ کاری شیخ علاﺅالدین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوںنے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں اس تقریب کی صدارت کرنے پر فخر ہے کیونکہ پی ایس ڈی ایف نے نہ صرف ہماری غریب اور محروم بہنوں اور بیٹیوں کو تکنیکی اور ووکیشنل مہارت کی فراہمی بلکہ انہیں روزگار کے مواقع کے ساتھ منسلک کرنے کے لئے ایک قدم اٹھایا ہے۔ شہری علاقوں میں ترتیب دیئے گئے زیادہ تر پروگرام باقاعدہ روزگار پر منتج ہوئے بغیر صرف تربیت کی حد تک محدود رہتے ہیں۔ ٹریننگ سروس پروائیڈرز (ٹی ایس پیز) سے اپنے خطاب میں انہوں نے تمام شرکاءکو مبارکباد دی جنہوں نے اس پروگرام کے تحت کامیاب تربیت کاروں میں ملازمت کے عزم کو فروغ دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جواد خان نے کہا کہ پی ایس ڈی ایف مسلسل اعلیٰ معیار کی تربیت پر زور دے رہا ہے اور معیاری تربیت فراہم کرنے والوں کو سرمایہ کاری پر مسابقتی منافع دیتا ہے۔