تعلیم کسی بھی فرد کی زندگی کا اہم جزو ہے، رزینہ عالم خان

09 ستمبر 2017

اسلام آباد(نامہ نگار) قومی کمیشن برائے انسانی ترقی (این سی ایچ ڈی) کی چیئرپرسن سابق سینیٹر رزینہ عالم خان نے کہا ہے تعلیم کسی بھی فرد کی زندگی کا اہم جزو ہے اور آج کی ڈیجیٹل دنیا میں اختیار، ترقی اور بھرپور زندگی کی ضرورت ہے، خواندگی کا مطلب محض پڑھنا اور لکھنا نہیں، ہمیں خود کو ڈیجیٹل سوسائیٹیز سے ہم آہنگ بھی کرنا ہے۔ وہ خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ ایک سیمنار سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیمنار آج کی ڈیجیٹل دنیا کے مواقع کے حوالے سے موثر تعلیمی پالیسیاں اور پروگرام ترتیب دینے کے سلسلے میں اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اور ہمیشہ سے دہشت گردی، عدم مساوات، صنفی امتیاز، غربت، سماجی ناانصافی، نسلی و لسانی نقصانات اور جغرافیائی علاقوں میں فرق پر قابو پانے کا بہترین طریقہ کار تعلیم ہے۔ این سی ایچ ڈی نے اصلاحات کے ساتھ مدارس کے طلباءتک رسائی حاصل کی ہے اور مذہبی تعلیم کے ساتھ ساتھ پرائمری تعلیم متعارف کرائی ہے۔ ہم 20 کروڑ 70 لاکھ آبادی کی حامل قوم ہیں جس میں سے دو کروڑ 26 لاکھ پانچ سے 9 سال کے بچے ابھی تک سکولوں سے باہر ہیں۔ ہماری 40 فیصد بالغ آبادی ناخواندہ ہے جو ملک کی ترقی و خوشحالی کے راستے میں رکاوٹ ہے۔