منشیات کا بڑھتا ہوا استعمال معاشرے کیلئے خطرناک ہے

09 ستمبر 2017

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نیشنل کونسل آف سوشل ویلفئیر، حکومت پاکستان کے زیر اہتمام عوامی آگاہی پروگرام کے سلسلہ میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وزیر مملکت، کیڈ کی خصوصی ہدایت پرایک روزہ سیمینار بعنوان ”پاکستان میں منشیات کا بڑھتا ہوا استعمال اور ہماری سماجی ذمہ داریاں “ منعقد کیاگیا۔ ڈاکٹر ندیم شفیق ملک، چیئرمین، نیشنل کونسل آف سوشل ویلفئیر، حکومت پاکستان نے سیمینار کی صدارت کی ۔ سیمینار میں سول سوسائٹی، انسانی خدمت کرنے والے رضا کار نمائندوں، کیڈ ڈویژن کے مختلف اداروں کے اہلکاروں اور طلباءکے علاوہ وزیراعظم یوتھ انٹرنشپ پروگرام کے تحت کام کرنے والے انٹرنیز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ندیم شفیق ملک نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ منشیات کا استعمال ایک برائی ہے اس کا روکا جانا ضروری ہے۔ پاکستان میں نوجوانوں میں منشیات کا بڑھتا ہوا استعمال ہمارے معاشرے کے لیئے خطرناک ہے۔ وفاقی حکومت اس پھیلتی ہوئی برائی سے آگاہ ہے اور منشیات کی روک تھام کے لیئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔