مقتدیٰ الصدر کا اپنے عسکری ونگ کو عراقی فوج میں شامل کرنے کا مطالبہ

09 ستمبر 2017

بغداد(اینا ین آئی)عراق کے سرکردہ شیعہ رہ نما اور الصدر گروپ کے سربراہ مقتدیٰ الصدر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ الصدر گروپ کے عسکری ونگ کو فوج میں شامل کرنے کا اعلان کرے۔عرب ٹی وی کے مطابق اپنے ایک بیان میں مقتدیٰ الصدر نے کہا کہ ان کی جماعت کے چار ذیلی ادارے ہیں اور ان تمام کا صدر دفتر صرف نجف میں ہے۔ اس کے علاوہ ’سرایا السلام‘ کے نام سے قائم ان کی جماعت کا عسکری ونگ نیز مظاہروں کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹیوں کا مرکز بھی نجف میں ہے۔انہوں نے سرایا السلام کو ملک کی مسلح افواج یا الحشد الشعبی میں مدغم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر الحشد الشعبی مرکزی حکومت کے ماتحت کام کرے تو ان کی جماعت کے عسکری ونگ کو بھی اس شامل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے جماعت کی احتجاجی کمیٹیوں پر زور دیا کہ وہ پرامن احتجاج کے لیے اپنی تیاریاں جاری رکھیں۔مقتدیٰ الصدر نے اپنے حامی ووٹروں پر بھی زور دیا کہ وہ آنے والے انتخابات کے لیے بھرپور طریقے سے تیاری کریں تاکہ بدعنوان لوگوں کے اقتدار تک پہنچنے کا راستہ روکا جاسکے۔
عراق/ مطالبہ