ڈاکو 5لاکھ روپے،طلائی زیورات، انعامی بانڈز، 6موبائل فون لوٹ کرفرار

09 ستمبر 2017

راولپنڈی ( نیوزرپورٹر) ٹاہلی موری راولپنڈی میں کنٹونمنٹ بورڈ چکلالہ کے وائس پریذیڈنٹ راجہ عرفان امتیاز کے بھائی راجہ نوید عارف کے گھر دن دیہاڑے مسلح ڈکیتی ،خود کو سیکورٹی اداروں کا اہلکار ظاہر کرنے والے ڈاکو ایک گھنٹے میں ایک کروڑ سے زائد مالیت کے زیورات اورنقدی لے کر فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو دن ساڑھے گیارہ بجے ٹاہلی موری میں رہائش پذیر راجہ نوید عارف کے گھر کا دروازہ کھلا دیکھ کر پانچ مسلح ڈاکو گھر میں گھس آئے اس وقت راجہ نوید گھر کے ٹی وی لاﺅنج میں آرام فرما رہے تھے کہ گھر میں گھسنے والے پانچ مسلح افراد نے خود کو سیکورٹی اداروں کا اہلکار ظاہر کر کے گھر کی تلاشی دینے کا کہا ۔ڈاکووں نے راجہ نوید کی بوڑھی والدہ ، اہلیہ ، بھابی ،بیٹے اور بہوسمیت چھ افراد سے موبائل فون چھین کر ایک کمرے میں بند کر کے ان پر اسلحہ تان لیا اور ایک گھنٹے کے اندر تین خاندانوں کا زیور جس کی مالیت قریبا  نوے لاکھ بنتی ہے پانچ لاکھ کی نقدی اور پانچ لاکھ کے انعامی بانڈز لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ڈاکووں نے راجہ نوید عارف اور ان کے بھائی پر ہلکا تشدد بھی کیا۔ بعد ازاں راجہ نوید عارف کے بڑے بیٹھے نے آکر کمرہ کھول کر انہیں آزاد کیا۔ ڈکیتی کی اطلاع ملتے ہی ایس پی ، ڈی ایس پی اور تھانہ سول لائن اور پولیس چوکی طارق آباد کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔کنٹونمنٹ بورڈ چکلالہ کے وائس پریذیڈنٹ راجہ عرفان امتیاز کے مطابق پولیس نے پرچہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ جلد ہی ڈاکووں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ ڈاکووں نے اہل خانہ سے چھینے گئے موبائل کچھ دور جا کر پھینک دئےے اور فرار ہوگئے۔