فزیکل تھراپی انسانی زندگی کو معیاری بناتی ہے،ڈاکٹر عدالبا سط انصاری

09 ستمبر 2017

کراچی( ہیلتھ رپو رٹر)بقائی میڈیکل یونیورسٹی میںعالمی یوم فزیکل تھراپی کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پرڈپارٹمنٹ آف ہیلتھ اینڈ اسپورٹس سائنس جامعہ کراچی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹرعبد الباسط انصاری نے ’’Add Life to goal‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فزیکل تھراپی انسانی زندگی کو معیاری بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادّی ترقی کی بدولت جہاں انسانی زندگی میں سہولتیں میسر آتی ہیں۔ وہیں معیار زندگی بلند ہونے سے ہم مستعدی اور مشقت چھوڑ کر سستی اور کاہلی کا شکار بن رہے ہیں جو کسی بھی طرح مقاصد زندگی سے ہم آہنگ نہیں ہے، یقینا انسانی ترقی سے مسائل میں کمی آئی ہے اور ہم شاہراہ ترقی کی طرح گامزن ہیں مگر ہمارے لئے ضعیفی کی عمر میں زندگی گزارنا دشوار ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضعیف العمر لوگ ہماری توجہ کے منتظر ہیں۔
ہمیں مال بنانے کے بجائے اپنے ہاتھوں کی جادوگری سے دکھ درد میں مبتلا لوگوں کا مسیحا بننا ہے یہی ہمارا اور فزیو تھراپی کا کمال ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام طورپر۷۰ برس کا انسان عموماً چلتے پھرتے گرپڑتا ہے۔ ہمیں عمر رسیدہ لوگوں کو باخبر کرنا ہے کہ روز مرہ زندگی کس طرح گزاری جائے۔