انٹر میں داخلے‘کلیم سینٹر ز کی تعداد6 سے بڑھا کر 36 کردی گئی

09 ستمبر 2017

کراچی (نیوز رپورٹر) محکمہ تعلیم سندھ نے کراچی کے کالجز میں داخلوں کے خواہشمند طلبہ و طالبات کی سہولت کے لئے کلیم سینٹرز کی تعداد 06سے بڑھا کر 36کر دیا۔ یہ فیصلہ سیکریٹری کالج ایجوکیشن پرویز احمد سیہڑ کی زیرصدارت مرکزی داخلہ پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں ریجنل ڈایریکٹر کالجز پروفیسر محمد معشوق بلوچ او ر ڈائیریکٹر انسپیکشن پروفیسر مراد علی راہموں نے بھی شرکت کی۔ سیکریٹری تعلیم نے ریجنل ڈائیریکٹر کالجز کو ہدایات جاری کیں کہ ڈی جی آفس اور ریجمل ڈائیر یکٹر کا لجز کراچی کا عملہ کلیم سینٹرز پر موجود رہے تاکہ طلبہ و طالبات کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو ، سیکریٹری کالجز نے کہا کہ وہ خود بھی وقتا فوقتا کلیم سینٹرز کا دورہ کریں گے اور سینٹرز پر موجود طلبہ و طالبات کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیں گے۔ سیکریٹری کالجز نے مزید کہا کہ میٹرک پاس کر نے والے تمام طالب علموں کو ان کی میرٹ کے مطابق داخلہ دیا جائے گا اور کوئی طالب علم داخلہ سے محروم نہیں رہے گا۔سیکریٹری تعلیم نے والدین سے کہا ہے کہ تمام طالب علموں کی ہر قسم کی فیس ختم کر دی گئی ہے اگر کسی طالب علم سے کالجز میں کسی بھی حوالے سے کوئی فیس مانگی جائے تو ہو اس کی فوری اطلاع سیکریٹری کالجز اور ریجنل ڈائیریکٹوریٹ کو دیں۔