دہشت گرد واقعات ‘جامعہ کراچی کو میڈیا پر اچھالنا تشویشناک ہے: ڈاکٹر اجمل خان
کراچی (نیوز رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات نہ صرف پورے ملک بلکہ دیگر جامعات میں بھی رونماہوئے ہیںلیکن جامعہ کراچی کو جس طرح میڈیا پر اچھالا جارہاہے وہ قابل تشویش ہے ۔وہ جامعہ کراچی میں سیکیورٹی کی صورتحال پر میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ صرف ایک یا دو طلبہ کی وجہ سے جامعہ کراچی کو اس طرح بدنام کرنا درست نہیں ۔نہوں نے بتایا کہ جامعہ کراچی کے طلبہ کے ریکارڈ کی چیکنگ اور کلیئرنس کے لئے متعلقہ تھانے سے سرٹیفیکٹ جمع کرانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔جامعہ کراچی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ہر ممکن تعاون کرنے کے لئے تیارہے ،سیکیورٹی کی ذمہ داری جامعہ کراچی کی انتظامیہ اور اساتذہ کی نہیں بلکہ سیکیورٹی اداروں کی ہے ،اساتذہ کاکام تدریس وتحقیق کرناہے۔ شیخ الجامعہ نے کہا کہ ہم نے جامعہ کراچی کی کنکریٹ کی چاردیواری اور واچ ٹاور تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اس کے لئے ایک بڑی رقم درکار ہے کیونکہ جامعہ کراچی طویل رقبے پر محیط ہے۔علاوہ سی سی ٹی وی کیمرے جامعہ کراچی کے داخلی اور خارجی راستوں پر نصب کردیئے گئے ہیں اور باقی جگہوں پر بھی بہت جلد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیئے جائیں گے۔