اپنی سرزمین پر پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے کیلئے بہت پرجوش ہوں، حسن علی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹر حسن علی اپنے ہوم گراونڈ پر ورلڈ الیون کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں ورلڈ الیون کے خلاف آزادی کپ کی تیاری کے سلسلہ میں جاری کیمپ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جب میں نے پروفیشنل کرکٹ کا آغاز کیا تو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہو رہی تھی، اس لیئے اپنی سرزمین پر پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے کیلیے بہت پرجوش ہوں اور اپنے شائقین کے سامنے پرفارم کرنے کیلیے بےتابی سے انتظار کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے پی سی بی، آئی سی سی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ امید ہے کہ جلد ہی عالمی کرکٹ کی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہو جائیں گی۔ ورلڈ الیون میں دنیا کے بہترین کرکٹرز شامل ہیں تاہم ہاشم آملہ کو آوٹ کرکے زیادہ خوشی محسوس کروں گا۔