گھریلو مصروفیات ےا بورڈ کی خوشنودی، آفریدی افغان کرکٹ لیگ سے دستبردار

09 ستمبر 2017

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے افغان کرکٹ لیگ کھیلنے سے معذرت کر لی۔ پی سی بی کی جانب سے ان کے اعزاز میں 14 ستمبر کو رکھی گئی تقریب میں شرکت کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق سابق کپتان شاہد آفریدی نے افغانستان کرکٹ لیگ کی انتظامیہ کو ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ کچھ گھریلو مصروفیات کیوجہ سے افغان کرکٹ لیگ کھیلنے سے قاصر ہوں۔ انشا ءاللہ مستقبل میں ضرور افغان کرکٹ لیگ کا حصہ بنوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں افغان حکومت ، افغان کرکٹ بورڈ کا شکرگزار ہوں جنہوں نے لیگ کھیلنے کی دعوت دی۔ واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے پشتو میں اپنا ویڈیو پیغام ریکارڈ کر کے جاری کیا۔ خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شاہد آفریدی کو افغان کرکٹ لیگ کھیلنے کی اجازت دیدی تھی۔