پنجاب بنک کا ٹکٹوں کی فروخت کےلئے آج کی چھٹی منسوخ کرنے کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر) بینک آف پنجاب نے آزادی کپ سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت کیلیے ہفتے کے روز چھٹی منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔بینک انتظامیہ کے مطابق ہفتے کو صبح 9 سے شام 5 بجے تک بینک کی مقررہ شاخوں سے شائقین کو ٹکٹوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ 500 روپے والی تمام ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔جبکہ ڈھائی ہزار روپے والی ٹکٹس کا محدود اسٹاک موجود ہے، اس کے علاوہ4 ہزار اور6 ہزار والی ٹکٹیں دستیاب ہوں گی۔ 8 ہزار روپے والی تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکی ہیں۔واضح رہے کہ ورلڈ الیون اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے مابین آزادی کپ سیریز میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز 12، 13 اور 15 ستمبر کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ٹکٹوں کی بینکوں میں فروخت شروع ہوتے ہی 500 روپے والی ٹکٹس ختم ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے شائقین نے احتجاج بھی کیا ہے۔