جنوبی افریقہ کے 73 سالہ تیراک نے سمندری گذر گاہ ”انگلش چینل“ عبور کرلی

09 ستمبر 2014

لندن (بی بی سی) جنوبی افریقہ کے 73 سالہ ہارٹ سرجن اوٹو تھاننگ نے سب سے زیادہ عمر میں انگلش چینل پار کرنے کا ریکارڈ بنالیا۔انہوں نے پہلی بار سنہ 1994 میں برطانیہ سے فرانس کے درمیان سمندری گزر گاہ انگلش چینل کے 40 کلومیٹر کے فاصلے کو تیر کر عبور کیا تھا۔ انہوں نے آسٹریلوی تیراک سائرل بالڈوک کا ایک ماہ قبل ہی قائم کردہ ریکارڈ کو توڑ دیا۔ بالڈوک نے ایک ماہ ماہ قبل اپنے 71 ویں سالگرہ سے تین ماہ پہلے انگلش چینل عبور کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اگرچہ انگلش چینل کی براہِ راست لمبائی 34 کلومیٹر ہے لیکن لہروں کی وجہ سے اسے پار کرنا کسی بھی تیراک کیلئے مشکل امر ہے اور لہروں کی وجہ سے یہ دُوری 40 کلومیٹر سے کم نہیں ہوتی۔