بھارت اورجرمنی کا مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو نئی جہت دینے کا عہد
نئی دہلی(این این آئی) بھارت اور جرمنی نے اپنے باہمی تعلقات کومزید مستحکم بنانے اور انہیں نئی بلندیوں تک لے جانے کا عہد کیاہے، دونوں ملکوں نے تجارت، سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو نئی جہت دینے کا فیصلہ کیا، وفاقی جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر کے بھارت کے دو روزہ سرکاری دورے کے اختتام پر پیر کو نئی دہلی میں بھارتی حکام نے بتایاکہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اپنے جرمن ہم منصب کے ساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہاکہ دونوں رہنماﺅں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، اعلی ٹیکنالوجی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں باہمی تعاون پر بات چیت ہوئی۔
جرمن وزیر شٹائن مائر ایک اعلی سطحی تجارتی وفد کے ساتھ دہلی آئے تھے۔ اپنے دورے کے دوران جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر نے بالخصوص دونوں ملکوں کے مابین باہمی تجارت کو فروغ دینے پر زور دیا، انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور علاقائی اور عالمی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ بعد میں انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ حکام نے بتایا کہ جرمن رہنما نے بالخصوص افغانستان کی تازہ ترین صورت حال اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ دریں اثنا بھارت میں جرمن سفیر میشائیل اشٹائنر نے کہاکہ بھارت اور جرمنی کے درمیان اسٹریٹیجک مفادات میں کسی طرح کا تصادم نہیں ہے۔ ہمارے مفادات مشترکہ ہیں۔