سعودی شاہ عبداللہ ایک ہزار فلسطینی شہدا کے خاندانوںکو حج کرائیں گے
ریاض (آن لائن) سعودی عرب کی حکومت اور خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے فلسطینی شہداءکے خاندانوں کے ایک ہزار افراد کو خصوصی طور پر حج کی دعوت دی ہے۔ خصوصی حج پر آنے والے فلسطینیوں کے تمام اخراجات ریاض حکومت اٹھائیگی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر مذہبی امور الشیخ صالح بن عبدالعزیز بن محمد نے بتایا کہ شاہ عبداللہ کی جانب سے حج حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فلسطین کے ایک ہزار عازمین حج کی سرکاری سطح پر میزبانی کا انتظام کریں۔ انہوں نے خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے جنگ سے متاثرہ فلسطینی شہریوں کی دلجوئی کے لیے ایک ہزار افراد کے حج کے ارادے کی تعریف کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ شاہ عبداللہ کو اس کار خیر کا نیک بدلا اور جزاءضرور دے گا۔الشیخ صالح بن محمد کا کہنا تھا کہ فلسطین سے ایک ہزار شہریوں کے مفت حج کے انتظام کا اعلان سعودی حکومت کی جانب سے پورے عالم اسلام کے لیے اخوت و بھائی چارے کا ایک پیغام ہے۔ سعودی حکومت پورے عالم اسلام میں وحدت کی کوششوں کے ساتھ مسلم دنیا کے مسائل کے حل میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔
مفت /حج