بھارت کی آبی جارحیت پر پاکستانی حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں: محمد غالب

09 ستمبر 2014

برمنگھم (ثناء نیوز) تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع کشمیر کی آزادی اور پاکستان میں عدل وانصاف کے ساتھ وابستہ ہے ۔ کشمیر پر بھارت کا تسلط برقرار رہنا پاکستان کو معاشی طور پر تباہ و برباد کرنے کے مترادف ہے ۔ حالیہ سیلاب میں بھارت نے پاکستان پر آبی جارحیت کا ارتکاب کیا ہے ۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ڈیموں کا پانی کھول کر پاکستان کے خلاف جو اقدامات کر رہا ہے اس سے پاکستان کے حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیں۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جب تک حل نہیں ہوتا پاکستان کا دفاع مضبوط نہیں ہو سکتا ۔ بھارت کا پانی پر قبضہ بھی پاکستان کے لئے مشکلات پیدا کرے گا ۔ بھارت میں موجودہ انتہا پسند ہندو حکومت اور حکمرانوں نے پاکستان کے خلاف اپنی پالیسیوں میںمزید سختی اور شدت اختیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ کنٹرول لائن اور پاکستان کی سرحدوں پر جس طرح سے جارحانہ طرز عمل اور حالات پیدا کر رکھے ہیں اور اشتعال انگیز کارروائیاں کی جا رہی ہیں اس سے بھارت کے ناپاک عزائم کھل کر سامنے آ رہے ہیںکہ بھارت مسائل کو پر امن طورپر حل کرنے کے لیے تیار نہیں ہے ۔ محمد غالب نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی حالات سیاسی اور معاشی عدم استحکام بھی پاکستان کے دفاع کوکمزور کر رہے ہیں۔
محمد غالب