نارووال: نالہ ڈیک کے پانی میں پھنسے لوگوں کا احتجاج، خوراک کی فراہمی کا مطالبہ

09 ستمبر 2014

نارووال(نامہ نگار) قلعہ احمد آباد کے قریبی گائوں نارنگ والی کے لوگ نالہ ڈیک میں سیلاب کی وجہ سے کئی روز سے پانی میں پھنسے ہوئے ہیں، بروقت امداد نہ ملنے پر مکینوں نے احتجاج کیا۔ نارنگ والی کے گرد ہزاروں کیوسک پانی پھر رہا ہے۔ وہاں پر موجود لوگوں نے میڈیا کو بتایا انکے پاس نہ خوراک ہے نہ ادویات اور نہ جانوروں کیلئے چارہ ہم کہاں چلے جائیں۔ لوگوںنے بتایا گزشتہ تین روز سے اس گائوں میں کوئی بھی حال پوچھنے نہیں آیا، ہم لوگ اپنے گائوں میں محصور ہوچکے ہیں ہمارے بچے اور خواتین بیمار ہیں، جانوروں کیلئے چارہ ختم ہو گیا ہے ہماری کوئی نہیں سنتا۔ دیہاتیوں نے مطالبہ کیا انکو خوراک اور جانوروں کے چارہ کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔