شمالی وزیرستان: ہیلی کاپٹروں سے بمباری ،10 دہشت گرد ہلاک، بارود سے بھری 5 گاڑیاں تباہ

09 ستمبر 2014

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) آپریشن ضرب عضب میں شمالی وزیرستان کے علاقے بویادیگان میں گن شپ ہیلی کاپٹروں سے بمباری کی گئی۔ کارروائی میں 10 دہشتگرد مارے گئے، کارروائی میں دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ اور بارود سے بھری پانچ گاڑیاں تباہ کر دی گئیں۔ بویادیگان میں زیادہ تر ازبک دہشت گردوں نے پناہ لے رکھی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی کے گن شپ ہیلی کاپٹروں نے شمالی وزیرستان میں بویادیگان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ گن شپ ہیلی کاپٹروں کی بمباری کے نتیجے میں 10 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ اس کارروائی میں دہشتگردوں کا دھماکہ حیز مواد کا ذخیرہ اور بارود سے بھری 5 گاڑیاں بھی تباہ کر دی گئیں۔ شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی جانب سے آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کامیابی سے جاری ہے اور گذشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے بویادیگان میں پاک فوج کی جانب سے دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانوں پر گن شپ ہیلی کاپٹر کے ذریعے فائرنگ کی گئی۔ واضح رہے کہ رواں سال جون میں شروع ہونے والے آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ میں اب تک 900 سے زائد دہشتگرد ہلاک ہو چکے ہیں۔