لیگی ایم پی اے کا شوہر گھر میں پراسرار طور پر جاں بحق، ملازم نے زہر دیا: شمیم شہزادی

09 ستمبر 2014

لاہور (نامہ نگار+ خاتون رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) سمن آباد کے علاقہ میں مسلم لیگ (ن) کی خاتون ایم پی اے کا خاوند گھر میں پراسرار طور پر جاں بحق ہوگیا۔ ایم پی اے نے الزام لگایا ہے کہ انکے خاوند کو گھریلو ملازم نے زہر دیکر قتل کیا۔ تفصیلات کے مطابق سمن آباد کے علاقہ شریف کالونی میں رہائش پذیر مسلم لیگ (ن) کی مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والی ایم پی اے شہزادی شمیم اختر گذشتہ روز اپنے رشتہ دار کی شادی میں شرکت کیلئے گئی ہوئی تھیں جبکہ انکا شوہر 70 سالہ محمد کبیر اور نوکر فاروق عرف نومی گھر میں موجود تھے۔ جب شمیم شہزادی شادی سے فارغ ہوکر گھر پہنچیں تو تمام دروازے کھلے تھے اور انکا شوہر میاں کبیر موجود نہ تھا۔ انہوں نے گھر کی بالائی منزل پر جا کر دیکھا تو گھر کی تیسری منزل پر میاں کبیر مردہ حالت میں پڑے ہوئے تھے جبکہ گھریلو ملازم فاروق عرف نومی گھر سے غائب تھا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دی۔ ایم پی اے شہزادی شمیم اختر نے بتایا کہ انکے خاوند کے ناک منہ سے خون نکل رہا تھا اور انہیں شبہ ہے کہ اسے گھریلو ملازم فاروق عرف نومی نے زہر دیکر قتل کیا جبکہ میاں کبیر کی سائیکل بھی غائب تھی۔ پولیس نے فاروق عرف نومی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔ ذرائع کے مطابق محمد کبیر کی نعش کے قریب پڑی مشروب کی 2 خالی بوتلوں کو پولیس نے قبضے میں لے لیا تاہم پولیس تاحال ملزم فاروق نومی کو گرفتار نہیں کرسکی۔ دریں اثناء اطلاع ملتے ہی مسلم لیگ (ن) کی خواتین ارکان اسمبلی، شعبہ خواتین کی عہدیداران و ورکرز اور عزیزواقارب کی بڑی تعداد انکی رہائشگاہ پر پہنچ گئی۔ شمیم اختر عرف شہزادی نے زاروقطار روتے ہوئے نوائے وقت کو بتایاکہ میری دنیا اجڑ گئی ہے، جب سے سے ایم پی اے بنی ہوں ہم دونوں میاں بیوی کو قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔ پولیس کو درخواست دی مگر وہ پیسے لیکر مخالفین کیساتھ مل گئی، میرے شوہرکبیرکے چہرے پر تشددکے نشانات تھے، انہیں سخت اذیت دیکر مارا گیا، وہ انتہائی شریف انسان تھے، ہماری شادی کو 32 برس ہوگئے ہیں۔ انہوںنے کبھی کسی کو تکلیف نہیں پہنچائی۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ شہزادی کے شوہر میاں کبیرکے پہلی بیوی سے بچوں اور بعض عزیزواقارب کو واقعہ کی صحت پر یقین نہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایم پی اے شمیم اختر عرف شہزادی کے شوہر کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کر لی اور واقعہ میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے اس المناک سانحہ پر شمیم اختر سے اظہار تعزیت اور مقتول کیلئے دعائے مغفرت کی۔