رحمٰن ملک کا الطاف کو فون، متحدہ کو احتجاجی جماعتوں سے مذاکرات میں شرکت کی دعوت

09 ستمبر 2014

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمٰن ملک نے الطاف حسین کو ٹیلی فون کیا اور سیاسی صورتحال، بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاری اور دیگر امور پر بات چیت کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق رحمٰن ملک نے دھرنے دینے والی جماعتوں سے مذاکرات کے عمل میں متحدہ کو شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ حق پرست ارکان اسمبلی کے استعفے واپس لینے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن جماعتیں دانشمندی کا مظاہرہ کریں اور سیاسی معاملات حل کریں۔ سندھ میں ممکنہ بارشوں اور سیلاب سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں الطاف حسین نے اپیل کی کہ احتجاج کرنے والی سیاسی جماعتیں سیلاب کے پیش نظر دھرنے مؤخر کر دیں اگر میں احتجاجی تحریک چلا رہا ہوتا تو اس صورتحال میں احتجاج فوری ختم کر دیتا۔