ڈیرہ بگٹی: گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ، ایف سی نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا دی

09 ستمبر 2014

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں 16اور 24 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ لیویز کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ اور لنڈونالہ میں نامعلوم تخریب کاروں نے 16 اور 24انچ قطر کے گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس کے باعث ڈیرہ بگٹی، سوئی اور دیگر علاقوں کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی۔ واقعات کے بعد سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام نے پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔ علاوہ ازیں فرنٹیئر کور نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے جانوبیڑی میں خفیہ اطلاع پر ایک مکان پر چھاپہ مار کر 20 کلو دھماکہ خیز مواد اور 2 ڈیٹونیٹر برآمد کرکے تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا دی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔