پاکستان نے جامع مذاکرات کو پٹڑی سے اتارا ہے : بھارت کا الزام

09 ستمبر 2014

نئی دہلی (اے این این + نوائے وقت رپورٹ) بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے الزام عائدکیا ہے کہ پاکستان نے جامع مذاکرات کو پٹڑی سے اتارا تاہم انہوں نے کہا کہ سفارتکاری میں کوئی فل سٹاپ نہیں ہوتا،کوماز اور سیمی کولن آتے رہتے ہیں، مختصر وقفے کے بعد آگے بڑھنا ہی ہوتا ہے، مستقبل قریب میں ہمسایہ ملک (پاکستان) کے ساتھ بات چیت کا عمل بحال ہوسکتا ہے۔ نیو یارک میں پاکستان بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات خارج ازامکان نہیں، تاہم پیشگی ذہن بناکر نہیں جائیں گے ، ابھی اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ فیصلہ وہاں کی صورتحال کو مدنظر رکھ کریں گے۔ اپنی  وزارت کے ابتدائی 100دنوں کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سشما سوراج نے پاکستانی ہائی کمشنرکی کشمیری حریت رہنماؤں سے ملاقات پر ایک بار پھر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طرف سے یہ کہنا کافی نہیں کہ یہ اقدام بھارت کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں۔ انہوں نے ممبئی حملوں کے مقدمے میں تاخیر پر مایوسی کا اظہارکیا۔ اس موقع پر انہوں نے بطور وزیر خارجہ اپنی کامیابیوں کا ذکر بھی کیا۔