پنجاب حکومت نے ترقیاتی سکیموں کیلئے 87 ارب روپے جاری کردیئے
لاہو ر(احسن صدیق) پنجاب حکومت نے رواں مالی سال 2014-15ء میں جولائی کیلئے منظور شدہ ترقیاتی سکیموں کیلئے 87 ارب روپے جاری کئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال 2013-14ء میں اتنی مدت کیلئے 26.14 ارب روپے جاری کئے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ رواں مالی سال سے ترقیاتی اخراجات کیلئے فنڈز 6 ماہ کی بنیاد پر جاری کئے جائیں گے جبکہ پنجاب حکومت گزشتہ مالی سال تک سہ ماہی بنیادوں پر ترقیاتی فنڈز محکموں کو جاری کررہی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران ترقیاتی اخراجات کا حجم 7 ارب 98 کروڑ 98 لاکھ روپے تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب کی منصوبہ بندی ہے کہ رواں مالی سال کے لئے مختص 345 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کو زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔