عدلیہ ملازمین کو جوڈیشل الائونس نہ دینے پر پنجاب حکومت سے جواب طلب

09 ستمبر 2014

لاہور ( وقائع نگار خصوصی) پنجاب حکومت نے عدلیہ کے ملازمین کو 50 فیصد جوڈیشل الائونس دینے کا نوٹیفکیشن لاہور ہائیکورٹ میں پیش کر دیا۔ پیر کے روز  لاہورہائیکورٹ میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود پنجاب حکومت عدلیہ کے ملازمین کو جوڈیشل الاونس نہیں دے رہی جوآئین اور قانون کی واضح خلاف ورزی ہے ،حالانکہ جوڈیشل الاونس ان کا حق ہے۔ دوران سماعت سرکاری وکیل نے بتایا کہ عدلیہ کے ملازمین کے لیے 50 فیصد جوڈیشل الائونس منظور ہوچکا ہے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ عدالتی حکم پر سرکاری وکیل نے نوٹیفکیشن عدالت میں جمع کروا دیا۔ فاضل جج نے 17 ستمبر کو فریقین کے وکلا کو  بحث کے لیے طلب کر لیا۔