عمران، طاہر القادری دھرنے ختم کرکے سیلاب متاثرین کیلئے مہم شروع کریں: جماعت اہلسنت
لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ سیّد مظہر سعید کاظمی اور مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ سمیت 50 علماء و مشائخ اہلسنّت نے اپنی اجتماعی اپیل میں کہا ہے کہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری سیلابی تباہ کاریوں کے پیش نظر دھرنے ختم کر دیں اور سیلاب متاثرین کی امدادی مہم شروع کریں، سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر سیلاب متاثرین کے لئے مشترکہ امدادی مہم چلائیں تاکہ عوامی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔ آزمائش کی اس گھڑی میں قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ اس وقت ہمیں قوم بننا ہو گا تمام سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیمیں معمول کی سرگرمیاں منسوخ کر کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے میدان میں اتر آئیں، ممبران پارلیمنٹ اپنی ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کے لئے وقف کریں، سیلاب متاثرین کے لئے قومی فنڈ قائم کیا جائے اور پوری قوم اس فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے بھی سیلاب متاثرین کے امدادی فنڈ میں حصہ لینے کی اپیل کرے۔ علماء و مشائخ کی اجتماعی اپیل میں کہا گیا ہے کہ سیلاب میں ڈوبے لوگ قومی قائدین کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن قوم کی آواز سنیں اور سیاست بازی چھوڑ کر قوم کی خدمت شروع کریں۔ سیلاب متاثرین کو نظرانداز کیا گیا تو تاریخ قومی قائدین کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ اجتماعی اپیل کرنے والوں میں صاحبزادہ غلام صدیق نقشبندی، پیر خالد سلطان قادری، علامہ شاہ تراب الحق قادری، پیر سیّد خضر حسین شاہ، مفتی محمد اقبال چشتی، علامہ فاروق خان سعیدی، الحاج امجد علی چشتی، علامہ بشیر القادری، مولانا محمد اکرم سعیدی، پیر سیّد غلام یٰسین شاہ، مولانا اﷲ بخش رضا، پیر سیّد شمس الدین بخاری، پیر فضل جمیل رضوی، علامہ رفیق احمد شاہ جمالی دیگر شامل ہیں۔