مودی نے بتائے بغیر پانی چھوڑا، نوازشریف اپنے دوست کو آم بھجوا رہے ہیں: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے سینئر رہنماء چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے سیلاب کی تباہ کاریوں میں اضافہ ہوا، حکومت ناکام ہی نہیں بلکہ بے نقاب بھی ہو گئی۔ انہوں نے کہا نوازشریف کے دوست نریندر مودی کم از کم انہیں بتا ہی دیتے پانی چھوڑ رہے ہیں جبکہ دوسری طرف نوازشریف ان کو چونسا آم تحفہ میں بھیج رہے ہیں، اپنے بیان میں انہوں نے کہا وفاق اور پنجاب حکومت نے حفاظتی بندوں کی مرمت کی طرف توجہ نہیں دی جبکہ میرے دور میں ہر سال سیلاب سے پہلے ان علاقوں کا سروے کروایا جاتا تھا، حفاظتی بندوں کی مرمت کیلئے فنڈز جاری کیے جاتے تھے، نیا پتھر ڈالا جاتا تھا، موجودہ حکومت نے 8 سالوں میں ایک روپیہ تک مرمت کی مد میں جاری نہیں کیا۔ انہوں نے اس مد میں خرچ ہونے والی ساری رقم جنگلہ بس اور دیگر ناکام منصوبوں پر لگا دی جس کی وجہ سے آج ہسپتالوں میں دوائیاں نہیں، بوٹ پہن کر کشتیوں میں بیٹھ کر ڈرامہ کیا جاتا ہے اب وہ زمانہ گیا، ان کی ڈرامہ بازیاں اب عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتیں، سیلاب کی تباہ کاریاں سب کے سامنے ہیں، اگر یہ بروقت مرمت کرتے تو اتنا نقصان نہ ہوتا، انتظامات کا ہر سال جائزہ لیا جانا چاہئے تھا انہوں نے کچھ نہیں کیا کوئی ریسکیو نہیں کیا اس لیے فوج کو آنا پڑا جو کام ان کے کرنے کے تھے وہ فوج کو کرنا پڑ رہے ہیں۔