عمران اور طاہر القادری سیلاب زدگان کیلئے ہی دھرنے اٹھالیں: رانا تنویر
مریدکے (نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت ہر حال میں دھرنا گروپ سے مذاکرات کی کامیابی چاہتی ہے لیکن ضد اور ہٹ دھرمی سے مسئلہ طول پکڑ رہا ہے، انشاء اللہ مذاکرات کامیاب ہوکر رہیں گے۔ عمران ابھی کرکٹ کے میدان میں پھر رہے ہیں، انہیں سیاسی میدان کی سمجھ نہیں آرہی۔ ملک و ملت کا نقصان کرنا ہی اگر عمران کی سیاست کا محور ہے تو قوم ان سے برأت کا اظہار کرتی ہے۔ اس امر کا اظہار رانا تنویر حسین نے گزشتہ روز اسلام آباد روانگی سے قبل اپنی رہائش گاہ پر معززین شہر، لیگی کارکنوں اور نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں جتنا دھرنا سیاست سے ملک کا نقصان ہوا ہے اتنا جنگ کے دوران بھی نہیں ہوتا کیونکہ کنٹینرز گروپ نے پوری دنیا کو پاکستان کا منفی تاثر دیا ہے۔ عمران اور قادری سیلاب زدگان کی خاطر ہی دھرنے اٹھالیں۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ عوام کے دکھ میں شریک ہیں جبکہ عمران خان کو ہر بال نو نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپائر کی انگلی اٹھنے کا انتظار کرنے والے اب محض الزام تراشی میں مصروف ہیں۔ اب ملک میں چور دروازے اور غیر آئینی تبدیلی کا دور بیت گیا۔ اس موقع پر رانا افضال حسین ایم این اے صاحبزادہ حاجی محمد امجد اجمل رانا عتیق انور ملک محمد عارف، رانا ریاض احمد خان و دیگر بھی موجود تھے۔