شوکاز کا جواب دونگی‘ پی ٹی آئی قیادت منشور سے ہٹ چکی ہے: مسرت زیب
سوات (اے پی پی) سوات سے پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی مسرت احمد زیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست صرف انکی ہٹ دھرمی، ضد اور بچگانہ ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے۔ ہمیں استعفوں کے معاملہ پر اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سوات کے عوام نے پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کے فیصلے کو پہلے ہی مسترد کر دیا ہے۔ مسرت احمد زیب جنہیں عمران خان نے استعفیٰ سے انکار پر پارٹی سے نکال دیا تھا، نے کہا کہ استعفوں کے فیصلے پر اسی وقت غور ہوگا جب وزیراعلیٰ خیبر پی کے اور ارکان صوبائی اسمبلی اپنے استعفے پیش کریں۔ پی ٹی آئی کی قیادت اپنے منشور سے ہٹ گئی ہے۔سیاست میں انا پرستی اور ضدی رویئے کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی چوک پر طاہر القادری اور عمران خان کو اپنے سیاسی مقاصد کی تکمیل کیلئے گٹھ جوڑ فراہم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے مجھے شوکاز نوٹس بھیجا ہے میں اس کا موثر جواب دوں گی۔