چیچہ وطنی: پراسرار موٹر سائیکل سوار پھر حرکت میں، طالبہ، اسکے والد کو خنجر مار دیا
چیچہ وطنی( ایس اے ساجد) دس ماہ انڈر گراؤنڈ رہنے والا پراسرار موٹر سائیکل سوارجنونی پھر حرکت میں آگیا اور گذشتہ شب سیکنڈ ائر کی طالبہ (م) سکنہ حیات آباد اور اسکے والد کو خنجر مار کر زخمی کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ طالبہ اپنے والد کے ہمراہ اوکانوالہ روڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے قریب میڈیکل سٹور سے دوا لیکر موٹر سائیکل پر جارہی تھی کہ عقب سے نامعلوم پراسرار موٹر سائیکل سوار نے حملہ کر دیا۔ خنجر طالبہ کے پہلو میں لگا جس سے اس کا والد بھی زخمی ہوا جنہیں طبی امدادکے لئے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ متاثرہ لڑکی اور اس کے والد کی جانب سے ابھی تک ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کروائی گئی۔ گذشتہ سال کے اواخر میں پراسرار موٹر سائیکل سوار جنونی خنجر باز نے پے در پے وارداتیں کرکے ایک درجن سے زائد خواتین کو زخمی کیا تھا۔ مقامی پولیس نے اس پراسرار جنونی نوجوان کو گرفتار کرنے کے لئے شہر کے مختلف مقامات پر ناکے لگائے اور اس کا خاکہ جاری کیا مگر ملزم روپوش ہوگیا۔ گذشتہ سال 5 نومبر کو پھر ایک آئی سی ایس کی ایک طالبہ کو زخمی کردیا۔ 5 ماہ قبل مقامی پولیس نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس نے پراسرار جنونی شخص کو گرفتار کرلیا ہے تاہم تازہ واردات سے شہریوں خصوصاً کام کیلئے گھروں سے باہر نکلنے والی خواتین میں پھر خوف و ہراس پھیل گیا۔