دھرنے سازش، پاکستان کی بقاء کی جنگ میں نوازشریف کے ساتھ ہیں: صدر آزاد کشمیر

09 ستمبر 2014

راولاکوٹ (نامہ نگار) آزاد کشمیر کے صدر حاجی سردار محمد یعقوب خان نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وزیراعظم نے جو خود انتہائی مصروف تھے، شہید وں اور غازیوں کی سرزمین میں آکر طوفانی بارشوں سے متاثرین کے ساتھ جس اظہار یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا ہے اس سے یہ ثابت ہو گیا کہ انکو خطہ کشمیر کے لوگوں سے کتنی ہمدردی ہے۔ یہ خطہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی قیادت میں بے سرو سامانی کے عالم میں ہمارے اسلاف نے آزاد کرایاتھا ہم پہلے پاکستانی پھر کشمیری ہیں۔ پاکستان میں اس وقت جو بحران ہے اس میں ساری قوم میاں محمد نوازشریف کے ساتھ کھڑی ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ وہ کسی صورت جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے اور جمہوریت کی بقا کے لئے نوازشریف کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم کو سارے اضلاع کو تفصیلی دورہ کرنے کی دعوت دی۔ سردار یعقوب خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام خصوصی توجہ دینے پر نواز شریف کے مشکور ہیں۔ اسلام آباد میں دھرنے ملک کے خلاف سازش ہیں پاکستان کی بقا کی جنگ میں نوازشریف کے ساتھ ہیں، متاثرین کی دیکھ بھال اور مالی امداد ریاست کا فرض ہے پاکستان کے ہوتے ہوئے بھارتی مدد کی ضرورت نہیں۔ وزیراعظم چودھری عبدالمجید نے کہا  ہے کہ پاکستان مشکل حالات سے گزر رہا ہے، فوج دہشت گردی کے خلا جنگ لڑرہی ہے مگر اسلام آباد میں ناچ گانے اور میوزک کی محفلیں سجی ہوئی ہیں میں ان لوگوں سے بھی کہوں گا کہ وہ ان مشکل حالات میں ساری قوم کے ساتھ شامل ہوکرمصیبت کی گھڑی میں اپنے بھائیوںکی مدد کریں۔ وزیراعظم نوازشریف کا مشکور ہوں جنہوں نے قدرتی آفت میں مسلسل رابطہ رکھ کر آزادکشمیر کی صورتحال بارے آگاہی حاصل کرتے رہے اور ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ چودھری عبدالمجید نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے انتہائی مصروفیات اور مشکلات کے باوجود وقت نکال کر پونچھ ڈوثیرن میں حالیہ طوفانی بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا جائزہ لینے اور متاثرین سے اظہار ہمدردی کے لئے جو دورہ کیا اس سے ان کی اس محبت اور خلوص کا اظہارہوتا ہے جو ان کے دول میں اہل کشمیر کے لئے ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کے اس دورہ کنٹرول لائن کے اس پار بھی مثبت پیغام جائے گا۔ اسلام آباد میں کچھ دنوں سے بعض لوگوں نے ایک تماشا لگارکھا ہے جس میں ساری رات ڈرامے ڈانس اور میوزیکل پروگرام چلائے جاتے ہیں ۔اس اقدام کی کشمیری قوم بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔آزادکشمیر کی حکومت تمام سیاسی جماعتیں اور عوام آئین کی بالادستی قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی بقاکے لیے نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جلسے جلوسوں سے حکومتیں تبدیل نہیں ہو ا کرتیں۔ وزیراعظم مجھے اجازت دیں اور جگہ اور وقت بتادیں تو میں آج آزادکشمیر سے پورے پندرہ لاکھ افراد لا کر مظاہرہ کروںگا۔ انہوں نے حالیہ شدید بارشوں سے آزادکشمیر کے متاثرین کے لئے بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے امداد کی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری ماں ہے اگر ہم نے امداد لینی ہوئی تو اپنی ماں سے لیں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید نے کہا کہ ’’آزاد کشمیر کے عوام حکومت پاکستان کیساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں‘‘۔ مضبوط اور مستحکم پاکمستان ہی آزادی کشمیر کا ضامن ہے، سیلاب زدگان کی امداد کرنے اور میگاپراجیکٹ دئیے جانے پر حکومت پاکستان کے شکرگزار ہیں۔