ڈی چوک میں خیموں کا شہر آباد، دھرنے میلے میں بدل گئے
اسلام آباد (ثناء نیوز) تحریک انصاف کے کارکنوں کی طرف سے ڈی چوک میں خیموں کی تنصیب کے بعد شاہراہ دستور سے ڈی چوک تک خیموں کا ایک شہر آباد ہوگیا ہے۔ دور سے دیکھنے پر ایسا لگتا ہے جیسے لشکر آکر ٹھہرا ہے۔ یاد رہے کہ شاہراہ دستور پر پہلے ہی سے عوامی تحریک کے خیمے نصب ہیں۔ ادھر دھرنے میلے میں بدل گئے ہیں۔ جہاں ضروریات زندگی کی تمام اشیاء عوام کو میسر ہیں۔ دھرنے میں اب آئیس کریم جوس، چنا چاٹ فروٹ چاٹ، تازہ پھل اور پکانے کے لئے سبزی بھی دستیاب ہے۔ جوتوں، کپڑوں اور جیولری کے سٹال پر خواتین کا رش ہے۔ دوسری جانب دھرنوں کی طوالت کے باعث شرکا ء نے دن کے اوقات میں خود کو مصروف رکھنے کیلئے کئی سرگرمیاں شروع کر رکھی ہیں۔ لڑکے کرکٹ اور لڑکیاں لڈو کھیل کر وقت پاس کرتی ہیں۔