پاکستان کے منجھے ہوئے اداکار مقصود حسن کی رحلت
شاذیہ سعید
ریڈیو، سٹیج اور ٹی وی کے معروف اداکار مقصود حسن حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث کراچی میں انتقال کر گئے۔ان کی عمر 67 سال تھی اور وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔ان کا فنی کیرئیر 50 سالوں پر محیط تھا،وہ ریڈیو کی سینئر فنکارہ منی باجی کے بھائی تھے۔مقصود حسن کا شمار اداکاری اور صدا کاری میں سنیئر اداکاوں میں ہوتا تھا۔انہوں نے ریڈیو پاکستان سے اپنے کریئر کا آغاز کیالیکن انہیں متعدد تھیٹر اور ٹی وی ڈراموں کی وجہ سے شہرت ملی۔وہ عمر شریف کے کئی ڈراموں کا حصہ رہے جبکہ سٹیج ڈرامہ ’’بکرا قسطوں پر‘‘ سے انہیں خاصی شہرت ملی۔ادکار محمد علی(مرحوم) مقصود حسن کے دیرینہ دوستوں میں سے تھے۔ادکار معین اختر کے ساتھ بھی انہوں نے بہت سے ڈراموں میں کام کیا۔سٹیج پر ان کا آخری ڈرامہ ’’ہم لوگ‘‘ تھا جو چھوٹے قد کے فنکاروں کے حوالے سے بے حد مقبول ہوا۔اس کے علاوہ ڈرامہ ’’قدوسی صاحب کی بیوہ‘‘ میں جہاں حنا دلپزیر خان کے مختلف بہروپ پسند کئے گئے وہیں ان کے کردار ’’مقصود‘‘ کو بھی بے حد سراہا گیا۔مقصود حسن نے فلموں میں بھی اپنے فن کے جوہر دکھائے، چھوٹے قد کے اس بڑے فنکار نے جو شہرت حاصل کی وہ بہت کم فنکاروں کو ملی۔ فنکاروں اور سیاسی شخصیات نے بھی مقصود حسن کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نئے اداکاروں کے لئے ادارے کا درجہ رکھتے تھے۔چھ سال قبل مقصود حسن کی شادی ہوئی اور ان کی کوئی اولاد نہیں تھی، ان کی نماز جنازہ غزالی مسجد حسن سکوائر میں ادا کی گئی۔